پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن (PAGD) نے منگل کو سرینگر میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کی۔ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبد اللہ گپکار الائنس (Gupkar Allaince) کے چیئرمین بھی ہیں۔ میٹنگ میں الائنس کے تمام شرکاء کے علاوہ سینیئر سیاسی لیڈران بھی شامل تھے۔
گپکار الائنس کی میٹنگ سے پہلے آج متعلقہ تحصیلدار نے کووڈ کا حوالہ دے کر میٹنگ منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی تھی لیکن اس کے باوجود الائنس نے میٹنگ منعقد کی۔ میٹنگ کے اختتام پر الائنس کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرکے کہا کہ گپکار الائنس کی جانب سے جموں وکشمیر اور لداخ کا ریاستی درجہ اور خصوصی حیثیت کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’’خصوصی درجے کی بحالی کا مطالبہ آئینی حق ہے۔ تاہم مرکزی سرکار کو اپنی تنقید پسند نہیں، موجودہ قیادت جموں و کشمیر اور لداخ میں اپنی پالیسیوں کی مخالفت کو برداشت نہیں کررہی، وہ چاہتے ہیں کہ یہاں ہمیشہ خاموشی برقرار رہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں خاموشی کو نارملسی (Normalcy) سے تعبیر کیا جاتا رہا ہے، یہاں کسی کو سر اٹھانے اور بات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔‘‘