سرینگر:وادیٔ کشمیر میں تعینات پندرہویں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل دیویندر پرتاپ پانڈے نے عہدے کی کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل امردیپ سنگھ اوجلا کو سونپ دی۔ فوج کے ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل دیویندر پرتاپ پانڈے نے مارچ 2021 میں سرینگر میں چنار کور کی کمانڈ سنبھالی تھی، تاہم ایک برس کی مدت کے بعد ہی انھیں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ان کو کمانڈنٹ آرمی وار کالج مہو، مدھیہ پردیش بھیج دیا گیا ہے۔ چنار کور کے ترجمان کے مطابق اوجلا نے کشمیر میں تعینات فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمت اور اعتماد کے ساتھ وادی میں امن و امان قائم کرنے کے لیے پرعزم رہیں۔
انہوں نے سول انتظامیہ اور کشمیری کی سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ فوج اور سول سوسائٹی مل کر امن کے قیام کو یقینی بنا سکتی ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی حالات بہتر ہوگئے ہیں اور کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ جنگ بندی کی وجہ سے بھی سیکورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔