سرینگر: وادی کا سب سے بڑا زچہ بچہ ہسپتال لل دید میں حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ جس میں ایک شخص نے جعلی ڈاکٹر بن کر ہسپتال میں مبینہ طور خواتین مریضوں کی جانچ پڑتال کی۔ اس واقعے نے نہ صرف کئی خدشات کو جنم دیا ہے بلکہ ہسپتال کے سکیورٹی پروٹوکول پر بھی سوالات کھڑے کرد یے ہیں۔ اگرچہ مزکورہ فرضی ڈاکٹر کو پولیس نے گرفتار کر لیا یے لیکن یہ شخص ہسپتال کے وارڈز میں کس طرح اور کیسے بطور ڈاکٹر خواتین کی جانچ پڑتال کرتا رہا یہ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔
اس حساس معاملے کے متعلق ای ٹی وی بھارت کے نمائندے پرویز الدین نے لل دید ہسپتال کے میڈیکل سپر ینٹنڈنٹ ڈاکٹر مظفر شیرانی سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو باریک بینی سے دیکھا جارہا ہے اور ہسپتال سکیورٹی اہلکاروں سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ڈاکٹر شیروانی نے انکشاف کیا کہ یہ فرضی ڈاکٹر ہسپتال میں چند گھنٹے ہی تھا نہ کہ تین دنوں سے البتہ جب ہسپتال انتظامیہ کو اس پر شک ہوا تو اس کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مشکوک ہونے پر ہم نے اس شخص سے اس کی اہلیت کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ اس نے اپنی شناخت جنوبی کشمیر کے دیالگام سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عابد کے طور بتائی اور دعویٰ کیا کہ وہ ماہر امراض قلب ہے اور اس میں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سے ان کال پر ہوں۔ جو کہ جھوٹ تھا اور میڈیکل کالج کے روزانہ روسٹر سے اس کا کہیں نام نہیں تھا اور ایس ایم ایچ ایس کے شعبہ امراض قلب نے کہا اس نام کا کوئی بھی ڈاکٹر یہاں نہیں ہے۔