اتر پردیش ضلع جونپور کی سول عدالت میں جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف آرٹیکل 370 کی بحالی اور بھارتی قومی پرچم کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایڈوکیٹ ہمانشو سریواستو نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی پر ملک سے بغاوت اور ترنگے کی توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا جس پر سماعت 27 نومبر کو ہوگی۔
ضلع کے کوتوالی تھانہ علاقہ کے سریواستو نے ایڈوکیٹ اپیندر وکرم سنگھ کے ذریعہ عدالت سے رجوع کیا کہ 'آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد پورے ملک نے خوشی منائی کہ اب پورے بھارت میں ترنگا لہرایا جائے گا اور پورے ملک میں ایک قوم، ایک جھنڈا رہے گا۔ تاہم، 23 اکتوبر 2020 کو محبوبہ مفتی نے پریس کانفرنس میں ایک بیان دیا کہ وہ آرٹیکل 370 کی بحالی کی جنگ جاری رکھیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ موجودہ بھارت سے راضی نہیں ہیں اور الزام لگایا کہ جموں و کشمیر کا جھنڈا لوٹ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ریاستی پرچم بحال نہیں ہوتا، میں کوئی دوسرا جھنڈا نہیں اٹھاؤں گی۔