سرینگر:بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف ) کے آئی جی اشوک یادو نے بدھ کے روز کہا کہ دراندازی کی کوششوں کے باوجود کنٹرول لائن پر حالات پوری طرح سے قابو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اُن کے مطابق یوم جمہوریہ کے پیش نظر سرحدوں پر چوکسی دوگنی کردی گئی ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پوری طرح سے محفوظ ہے اور بی ایس ایف جوان اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ آئی جی نے کہا کہ " سرحدوں پر تعینات افواج نے امسال دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا جس دوران ہتھیار و گولہ بارود کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔" انہوں نے بتایا کہ سرحدیں پوری طرح سے محفوظ ہے اور اس کو مزید محفوظ بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔