سری نگر: جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے بمنہ علاقے میں اتوار کے روز فلڈ چینل میں غرقہ آب ہوئے کمسن لڑکے کی لاش بدھ کے روز برآمد کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ہمدانیہ کالونی بمنہ میں ایک کمسن لڑکا فلڈ چینل میں غرقہ آب ہوا ، بسیار تلاش کے باوجود بھی لاش کو باز یاب نہ کیا جاسکا۔ معلوم ہوا ہے کہ فوج اور ایس ڈی آر ایف کی خصوصی ٹیموں نے بدھ کے روز کمسن لڑکے کی لاش باز یاب کی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح ہوکر سر علاقے میں لڑکے کی لاش باز یاب کرنے کے بعد قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دریائے جہلم سے پانچ روز قبل لاپتہ ہوئے غیر مقامی مزدور کی لاش برآمد کی گئی تھی۔ لاش کو سوپور کے تل بل نامی علاقے سے بازیاب کر لیا گیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق 13 جون کو ایک مسلم پیر نامی ایک غیر مقامی مزدور سوپور سے لاپتہ ہوا تھا جس کے بعد ان کے دوستوں، ساتھیوں نے پولیس اسٹیشن سوپور میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ رپورٹ درج کیے جانے کے بعد پولیس نے اسے کو ڈھونڈنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی تھی۔