بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں و کشمیر یونٹ کے ترجمان بریگیڈیئر (ر) انل گپتا نے پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے جموں و کشمیر کے جھنڈے سے متعلق بیان کو 'ترنگے' کی توہین قرار دیا ہے۔
انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ اگر گپکار اعلامیے کے دستخط کنندگان کشمیر میں حالات بگاڑنا چاہتے ہیں تو اس طرح وہ اپنے لیے خود مشکل پیدا کر رہے ہیں۔
موصوف نے ان باتوں کا اظہار سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا: 'جس طرح محبوبہ مفتی نے ترنگے کی توہین کی ہے۔ جموں وکشمیر کا جھنڈا، جو ختم ہوچکا ہے، اور ترنگے کی برابری کی ہے وہ پورے ملک کی توہین ہے'۔
بتادیں کہ محبوبہ مفتی نے جمعے کو طویل نظر بندی کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں جموں و کشمیر کے جھنڈے اور ترنگے کو ایک ساتھ کھڑا رکھا تھا نیز آپ خود بھی سبز لباس میں ملبوس تھیں۔