اننت ناگ: جموں کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینہ ضلع اننت ناگ کے دورے پر تھے جس دوران انہوں نے بجبہاڑہ کے پادشاہی باغ میں مدفون مرحوم مفتی محمد سعید کے مزار کا اچانک دورہ کیا۔ رویندر رینہ نے مرحوم مفتی محمد سید کے مقبرہ پر پھول چھڑک کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا، ان کے ہمراہ بی جے سے وابستہ کئی سیاسی رہنما بھی تھے۔ اس موقع پر رویندر رینہ نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید ایک قد آور سیاسی شخصیت تھے، وہ صرف جموں کشمیر کے وزیر اعلی نہیں رہے ہیں بلکہ بھارت کے وزیر داخلہ بھی رہے ہیں۔ رینہ نے کہا کہ انہوں نے 2014 میں مفتی محمد سعید کے دور اقتدار میں ان کے ساتھ کافی عرصہ تک کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید ایک نرم دل سیاست دان تھے وہ ہر معاملہ کا گہرائی کے ساتھ دیکھ رہے تھے، جب وہ اسمبلی کے اندر بھی بولتے تھے تو اکثر وہ امن کی بات کرتے تھے، امن اور بھائی چارے کی بات کرتے تھے۔ وہ ہمیشہ کہتے تھے کہ سیاست میں ہر سیاست دان کو عوام کا خدمت گزار ہونا چاہئے اور خدمت گار بن کر محتاجوں ،غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا چاہئے۔