بی جے پی کشمیر یونٹ نے پی ایم مودی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا سرینگر: جموں و کشمیر کے سرینگر میں آج بھارتیہ جنتا پارٹی کشمیر یونٹ کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس ضمن میں جواہر نگر سرینگر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی دفتر پر ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی، جس میں بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر کے علاوہ پارٹی کے سینئر لیڈرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر الطاف ٹھاکر نے ای ٹی وی بھارت سے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے انتقال سے ہم سب افسردہ ہیں اور پی ایم مودی سے گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور بی جے پی کشمیر یونٹ اس غم کی گھڑی میں وزیر اعظم کے ساتھ کھڑی ہے۔
الطاف ٹھاکر نے مزید کہا کہ ہم اس ماں کو سلام پیش کرتے ہیں جس نے نریندر مودی جیسے ہیرے کو جنم دیا۔ پورا بھارت اس وقت وزیر اعظم کی والدہ کے انتقال پر گہرے صدمے میں ہے وزیر اعظم کی والدہ ہیرا بین کو ہمیشہ یاد رکھا جاے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ماں کو کھونے سے بڑا کوئی نقصان نہیں، پاک وزیراعظم شہباز شریف نے مودی سے اظہار تعزیت کیا
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرابین کا آج صبح تقریباً 3:30 بجے احمد آباد کے یو این مہتا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر میں انتقال ہوگیا۔ بدھ کو ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گاندھی نگر میں اپنی والدہ ہیرا بین مودی کی آخری رسومات ادا کیں۔ ہیرابین مودی کی آخری رسومات میں گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور گجرات کے کابینہ کے وزراء موجود تھے۔
پی ایم مودی جو آج صبح گجرات پہنچے، سب سے پہلے اپنی ماں کو ان کی ریسن کی رہائش گاہ پر خراج عقیدت پیش کیا اور پھر ان کی میت کو آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ لے گئے۔