سرینگر: جموں و کشمیر کے سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے لیڈر اور جنرل سیکرٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول نے کہا کہ جو اپوزیشن لیڈران یہ دعوے کرتے ہیں کہ وادی میں بی جے پی اسمبلی انتخابات لڑنے سے ڈرتی ہے، ان سے ہم کہنا چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر میں جلد انتخابات ہوں گے، جس کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی تیار ہے۔ اشوک کول نے کا یہ بیان نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ کے راجوری میں دئے گئے بیان کے ردعمل میں آیا، جس میں عمر عبداللہ نے کہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے سے ڈرتی ہے۔ اسی لیے یہاں انتخابات کا انعقاد نہیں کررہی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جموں وکشمیر میں سیاسی خلاء ہے لیکن اس کے برعکس بھی انتخابات منعقد نہیں کئے جارہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر اشوک کول نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمام لیڈران اور کارکنان آج کل جموں کشمیر میں عوامی رابطہ مہم میں حصہ لے رہے ہیں جو اس بات کا خود ثبوت ہے کہ پارٹی اسمبلی انتخابات کے لئے تیاریاں کر رہی ہے۔