سرینگر میں برڈ فلو کی تصدیق، محکمہ مستعد
وادی کشمیر کے چند اضلاع میں مرے ہوئے کوؤں میں ایوین فلو کی تصدیق کے بعد اب شہر سرینگر کے بالگارڈن علاقے میں واقع ایک پولٹری فارم سے مردہ مرغ سے حاصل کیا گیا نمونہ مثبت پایا گیا ہے۔
سرینگر میں ہوئی ہے برڈ فلو کی تصدیق
نمونہ مثبت پانے کے بعد فارم کے باقی پرندوں کو ہلاک کیا گیا اور فارم کے ارگرد کے ایک کلو میٹر کے دائرے میں فیومی گیشن اور دیگر احتیاط تدابیر کو عمل میں لایا گیا ہے تاکہ دیگر پولٹری فارموں کے پرندوں میں ایوین فلو پھیلنے سے بچایا جاسکے۔
واضح رہے جنوری کے مہینے میں بھی جانچ کے دوران ضلع اننت ناگ، سوپور اور بڈگام میں واقع آبگاہوں کے قریب مرے ہوئے چند کوؤں کے نمونوں کو جانچ کے لیے باہر بھیجنے کے بعد ان کا ٹسٹ مثبت پائے جانے سے تصدیق ہوئی کہ ان میں اوین فلو پایا گیا ہے۔
ڈاکٹر مشتاق احمد شاہ نے کہا کہ محکمہ اس صورتحال پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ اس حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ بات چیت کے دوران ڈاکٹر مشتاق نے لوگوں سے اپیل کی کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے تاہم احتیاط سے کام لیتے ہوئے مرغ اور دیگر پولٹری اشیاء کو استعمال کرنے سے قبل مکمل طور پکانے کی ضرورت ہے۔
ادھر پولٹری مصنوعات کی درآمدات پر بھی محکمہ نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ متعلقہ محکمہ نے جموں قومی شہراہ پر پولٹری مصنوعات کی جانچ پڑتال کے لئے دو مقامات پر اسکریننگ مراکز قائم کئےگئے ہیں۔ مکمل جانچ کے بعد ہی دیگر ریاستوں سے درآمد ہونے والے مرغ اوردیگر پولٹری اشیاء کو جموں وکشمیر میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔