سرینگر (جموں و کشمیر):راہل گاندھی کی زیر قیادت ’’بھارت جوڑو یاترا‘‘ آخری مرحلہ میں سرینگر پہنچ چکی ہے اور آئندہ روز یعنی اتوار کو یاترا سرینگر شہر پہنچے گی۔ یاترا کے پیش نظر سرینگر ٹریفک پولیس نے شہر اور مضافی علاقوں میں ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس ضمن میں ٹریفک پولیس نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار کے روز کسی بھی گاڑی کو پانتھہ چوک سے ڈل گیٹ کی اور جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وہیں ڈرائیوروں سے کہا گیا ہے کہ وہ نوگام - نٹی پورہ - صنعت نگر - حیدر پورہ والا راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی اور جا سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق سرینگر کے ڈل گیٹ سے پانتھہ چوک کی طرف بھی کسی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ڈرائیوروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ڈل گیٹ - ایس آر ٹی سی برج - سنگرمال کا راستہ اختیار کریں۔ حکم نامے کے مطابق عوام الناس سمیت سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے تک پہنچنے کے لیے متبادل راستے استعمال کریں تاکہ کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔