جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کشمیر کو انتخابات منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے یہ انتخابات ایک بار پھر غیر معینہ وقت کے لیے معطل کر دیے گئے ہیں۔
یہ انتخابات تقریبا ایک برس کی تاخیر کے بعد گذشتہ مہینے کی 28 تاریخ کو ہونے تھے تاہم وادی کے معروف وکیل بابر قادری کی ہلاکت کی وجہ سے منعقد نہیں کیے جاسکے۔ اس کے بعد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کشمیر نے رواں مہینے کی پانچ تاریخ کو انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم پھر سے انتخابات کو ملتوی کرنا پڑا۔ جس کے بعد رواں ماہ کی آٹھ تاریخ کو کرنے کا فیصلہ لیا گیا تاہم اب تیسری بار ملتوی کئے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی اور اس کے بعد عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر عائد پابندیوں کے چلتے جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کے انتخابات وقت پر منعقد نہیں ہو پائے تھے، تاہم اب اسوسی ایشن کو امید تھی کہ آئندہ کل یہ انتخابات تمام احتیاطی تدابیر کو عملاتے ہوئے آن لائن منعقد کیے جائیں گے۔
بار اسوسی ایشن کے ممبران اور دیگر وکلاء بھی انتخابات کو لے کر کافی خوش تھے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے وہ سب مایوس نظر آ رہے ہیں۔