سری نگر:محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 20 مارچ تک موسمی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا ہے اور متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 18 سے 20 مارچ تک کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ رک رک کر بارشیں ہو سکتی ہیں اور اس دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں اس دوران بھاری بارشیں یا بھاری برف باری ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کسانوں سے اس وقفے کے دوران اپنے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے احتراز کرنے کی تاکید کی ہے۔ ادھر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ درج ہو رہا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6 اعشاریہ 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 5 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1 اعشاریہ 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 0 اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔