اردو

urdu

ETV Bharat / state

'بیک ٹو ولیج پروگرام' بے معنی'

ضلع بڈگام خاص کر چرار شریف کا ذکر کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ 'وسطی کشمیر کے اس ضلع کی اپنی تاریخی اہمیت ہے جس کی جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی پارٹی کام کرے گی'۔

altaf bukhari
altaf bukhari

By

Published : Oct 4, 2020, 7:26 PM IST

اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے شکایات ازالہ کے مضبوط طریقہ کار کی عدم موجودگی میں حکومت کی طرف سے شروع کے گئے بیک ٹو ولیج پروگرام جس کا اب تیسرا مرحلہ چل رہا ہے، کو بے معنی قرار دیا ہے۔

پارٹی صدر دفتر لال چوک میں چرار شریف بڈگام کے پارٹی ورکروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہا 'اس پروگرام کے تحت پہلے دو مراحل میں جموں وکشمیر بھر کے دیہی علاقوں سے جو عوامی شکایات درج کی گئی تھیں، کو ابھی حل کیا جانا باقی ہے'۔

انہوں نے کہا 'اطلاعات ہیں کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کے پہلے دو مراحل میں افسران نے پنچایتوں کے دورہ کے دوران لوگوں کی جو شکایات نوٹ کی تھیں، وہ سرکاری دفاتر میں غائب ہیں، یہ پروگرام بظاہر متعدد افسران کے لئے سیر و تفریح بن کر رہ گئی ہے اور اس کا اصل مقصد کہیں فوت ہوگیا ہے'۔

انہوں نے کہا 'متعدد معاملات میں افسران نے اپنے ماتحت عہدیداران کی طرف سے گذشتہ دو مراحل کے دوران کئے گئے وعدوں اور یقین دہانیوں پر فیلڈ میں عمل نہیں کیا'۔

بخاری نے کہا 'لوگوں کا ایسے پروگراموں پر کوئی اعتماد نہیں کیونکہ انتظامیہ وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہی ہے۔ اس پروگرام کا تیسرا مرحلہ شروع کرنے سے قبل موجودہ انتظامیہ کو چاہئے تھا کہ ماضی میں افسران کے وعدوں پر ہوئے عملدرآمد کا جائزہ لیا جاتا'۔

انہوں نے کہا 'جموں وکشمیر خاص کر دیہی علاقہ جات میں بنیادی سہولیات جس میں سڑک، پینے کا صاف پانی، بجلی، ٹرانسپورٹیشن، اے ٹی ایم سہولیات، راشن تقسیم کاری، انیمل ہسبنڈری اور ویٹرنری شامل ہیں، سے متعلق مسائل کا انبار ہے اور بیک ٹو ولیج پروگرام سے ابھی تک کوئی بھی فرق نہیں پڑا ہے'۔

بخاری نے کہا 'جموں و کشمیر میں انتظامیہ کے غیر ذمہ دارانہ رویہ نے ایسے پروگراموں کو رسمی اقدامات میں تبدیل کر دیا ہے جس کے نتیجے میں عوام میں انتہائی مایوسی اور بیگانگی پائی جاتی ہے'۔

ضلع بڈگام خاص کر چرار شریف کا ذکر کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ وسطی کشمیر کے اس ضلع کی اپنی تاریخی اہمیت ہے جس کی جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی پارٹی کام کرے گی۔
انہوں نے پارٹی ورکروں پر زور دیا کہ وہ عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے میں سہولت کار بنیں۔

یہ بھی پڑھیے
اتراکھنڈ : جموں و کشمیر کے طلبا کے لیے اسپیشل گریونس سیل قائم

انہوں نے کہا 'اپنی پارٹی میں موجود سبھی ممبران کو عوامی مشکلات کو حل کرنے کے لئے تندہی سے کام کرنا ہوگا اور متعلقہ علاقوں میں لوگوں کی ہرممکن مدد کی جائے۔ پارٹی ورکرز میری آنکھ اور کان ہیں اور جب لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بات آئے گی تو میں ہمیشہ صف اول پر ہوں گا'۔

میٹنگ سے سنیئر نائب صدر غلام حسن میر، صوبائی صدر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، ضلع صدر سری نگر نور محمد شیخ، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، سعید فاروق اندرابی اور مشتاق احمد نے بھی خطاب کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details