سرینگر:جموں کشمیر کے سابق بیروکریٹ برج راج شرما نے جمعرات کو یونین ٹریٹری جموں و کشمیر کے اسٹیٹ الیکشن کمیشنر کا حلف لیا۔ یہ حلف انہیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر کے راج بھون میں منعقد کی گئی تقریب میں دلایا۔ بی آر شرما کو گزشتہ ہفتے منوج سنہا نے اس عہدے کے لئے منتخب کیا تھا۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر جموں کشمیر میں پنچایتی اور ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات منعقد کراتا ہے۔
بی آر شرما سے قبل سابق آئی اے ایس افسر کے کے شرما اسٹیٹ الیکشن کمیشنر رہے جن کی دو برس کی مدت امسال فروری میں مکمل ہوئی تھی۔ وہ ایل جی منوج سنہا کے مشیر تھے تاہم اکتوبر سنہ 2020 میں انکو سٹیٹ الیکشن کمیشنر منتخب کیا گیا تھا۔ کے کے شرما جموں ضلع کے باشندے ہیں۔ برج راج شرما بھی جموں ضلع کے رہنے والے ہیں اور سنہ 1984 کے آئی اے ایس بیچ کے افسر تھے۔ وہ اپریل سنہ 2020 میں نوکری سے سبکدوش ہوئے تھے اور دوران سروس وہ جموں کشمیر میں کئی انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔