سرینگر: جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں میں آبی ذخائر کے تحفظ کا عالمی دن منایا گیا۔ اس کے حوالے سے آبی ذخائر کی اہمیت و افادیت اور بیداری سے متعلق کئی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ اس دن کے تعلق سے لیک کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے آبی ذخائر کی اہمیت اور عام لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے جمعرات کو سرینگر میں ایک بیداری ریلی کا انعقاد کیا۔ ریلی میں مقامی لوگوں کے علاوہ واٹر شیڈ منیجمنٹ ڈویژن کے ملازمین نے شرکت کی۔ ریلی واٹر شیڈ مینجمنٹ ڈویژن اشبر نشاط کے دفتر سے شروع ہو کر فارشور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔
اس موقع پر جے کے ایل سی ایم اے کے افسران نے کہا کہ آبی ذخائر ماحولیاتی نظام کو برقرار رکھنے اور حیاتیاتی تنوع کے لئے کافی معاون و مدد گار ثابت ہوئی ہے۔ ایسے میں آبی ذخائر کی اہمیت نہ صرف جانوروں بلکہ دیگر جانداروں کے لیے بھی کافی اہم ہے۔ ایل سی ایم اے کے عہدیداران نے کہا کہ ڈل اور نگین جھیلوں کے مناسب تحفظ اور انتظام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جارہا ہے۔ ایسے میں عام لوگوں کا تعاون بھی اس میں شامل حال ہونا چاہیے۔ واضح رہے ورلڈ ویٹ لینڈز ڈے ہر سال دو فروری کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد لوگوں میں کرہ ارض کے لیے آبی ذخائر کے اہمیت اور کردار کے بارے میں عالمی سطح پر بیداری پیدا کرنا ہے۔