سرینگر:جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے 13 جولائی 1931 کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 1963 میں تنظیم اپنے قیام کے بعد سے ہی اور اس سے قبل مسلم کانفرنس اپنے دور میں مہاجر ملت میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ ؒ اور پھر شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق نے تادم شہادت اور موجودہ سربراہ تنظیم میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق یوم شہداء کی تقریبات مناتے آرہے ہیں کیونکہ یہ دن جموں وکشمیر کی جدید تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب اُس دن حکمرانوں نے راست فائرنگ کرکے سرینگر سینٹرل جیل کے سامنے 22 نہتے کشمیریوں کو بے دردی سے ہلاک کردیا تھا اس طرح یہ نہ صرف کشمیر کے اولین شہداء بن گئے بلکہ کشمیری عوام نے اپنے سیاسی اور معاشی حقوق کے حصول کیلئے باقاعدہ اپنی اجتماعی جدوجہد کا آغاز کیا اور تب سے لے کر آج تک کشمیری عوام اسی مقصد کے حصول کیلئے برسر جدوجہد ہیں۔