سرینگر (جموں و کشمیر):جموں و کشمیر پولیس نے ممنوعہ علیٰحدگی پسند تنظیم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے تین درجن سے زائد ارکان کو سرینگر شہر کے مرکز میں واقع ایک معروف ریستوراں سے ’’ویریفیکیشن‘‘ کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔ سرینگر پولیس نے اس پیش رفت کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’سرینگر کے ایک ہوٹل میں جے کے ایل ایف کے کچھ سابق عسکریت پسندوں اور سابق علیحدگی پسندوں کی ایک میٹنگ کے بارے میں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ان سابق عسکریت پسندوں کو تصدیق کے لیے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن لایا گیا۔ انکوائری شروع کر دی گئی، پہلی نظر میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ جے کے ایل ایف اور حریت کانفرنس کو دوبارہ زندہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔‘‘
پیر کے روز پولیس نے کہا کہ وہ ابھی بھی ریستوران میں جمع ہونے سے متعلق حقائق کی تصدیق کر رہے ہیں۔ ایک سینئر پولیس افسر نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’گزشتہ روز، ہمیں یہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ اجتماع کی آڑ میں کشمیر میں علیحدگی پسند تحریک کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تقریب کا اہتمام حریت کانفرنس (گ) سے وابستہ ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ (ڈی پی ایم) نے کیا تھا۔ کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن کے پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم نے چھاپہ مارا اور تصدیق کے لیے تین درجن سے زیادہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفتیش ابھی جاری ہے۔ ‘‘