سرینگر:مرکزی سرکار نے اگمٹ کیڈر کے سینئر انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر اتل ڈلو کو جموں کشمیر کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کیا ہے۔ اتل ڈلو موجودہ چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کی جگہ اس عہدے پر فائز ہوں گے۔ ارون کمار مہتا 30 نومبر یعنی جمعرات کو نوکری سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔ اتل ڈلو سنہ 1966 میں جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں پیدا ہوئے ہیں لیکن انکے والد نوکری کے سلسلے میں سرینگر منتقل ہوئے اور بعد میں دہلی میں رہائش اختیار کی۔ اتل ڈلو سنہ 1988 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں اور انہوں نے انجینئرنگ کرنے کے بعد آئی اے ایس کو ترجیح دی۔
اتل ڈلو گزشتہ برس مرکزی سرکار میں ڈیپوٹیشن پر گئے تھے جہاں وہ محکمہ داخلہ میں جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔ تاہم گزشتہ ہفتے محکمہ داخلہ نے ایک حکمنامے کے ذریعے انکو مرکزی سرکار سے یونین ٹریٹری میں واپس تعینات کیا اور آج چیف سیکریٹری کے عہدے پر فائز کیا۔ اتل ڈلو کو سنہ 2013 میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ’’قابل ستائش کام‘‘ انجام دینے پر سٹیٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔ سنہ 1996 میں اسمبلی انتخابات کو کامیابی سے منعقد کرنے کے لئے سلور ایواڈ سے بھی انہیں نوازا گیا ہے۔