اردو

urdu

ETV Bharat / state

دفعہ 370 پر عدالت عظمیٰ کا فیصلہ: وادی بھر میں سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات

دفعہ 370 کے متعلق سپریم کورٹ آف انڈیا کے فیصلہ سنانے کے پیش نظر وادی کشمیر میں سکیورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے سرینگر کے لال چوک میں ناکے لگائے ہیں جہاں لوگوں کی جامہ تلاشی کی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔Tight Security Arrangements in Kashmir

علامتی تصویر
علامتی تصویر

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Dec 10, 2023, 5:28 PM IST

سرینگر: دفعہ 370 کے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلہ سنانے کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص سرینگر میں سکیورٹی کا سخت بندوبست کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ شہر سرینگر سمیت وادی کے قریب و جوار میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس سمیت سبھی سکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ۔
اطلاعات کے مطابق دفعہ 370 کے متعلق سپریم کورٹ آف انڈیا کے فیصلہ سنانے کے پیش نظر وادی کشمیر میں سکیورٹی کے فقید المثال انتظامات کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پچھلے کئی روز سے انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے مختلف اضلاع کا دورہ کرکے وہاں پر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر کے سبھی دس اضلاع میں سکیورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میں کئی مقامات بشمول تجارتی مراکز تاریخی لالچوک وغیرہ میں سکیورٹی فورسز نے ناکے لگائے ہیں جہاں لوگوں کی جامہ تلاشی کی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیدل سفر کرنے والوں کو بھی ان ناکہ پوائنٹس پر روکا جاتا ہے اور ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے اور گاڑیوں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو بھی روکا جاتا ہے اور ان کی تلاشی اور پوچھ چھ کی جاتی ہے۔
پولیس کے ایک سینیئر آفیسر نے بتایا کہ ہم ہر حال میں وادی میں قیام امن کو یقینی بنانے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ کشمیر میں امن خراب نہ ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر سبھی اضلاع میں سکیورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے جبکہ سماج دشمن عناصر اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ مذکورہ پولیس آفیسر کے مطابق سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کی خاطر پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کیا ہے اور لگ بھگ ایک درجن کے قریب افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔

مزید پڑھیں:


دریں اثنا سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی نظریں سپریم کورٹ کے فیصلے کی منتظر ہیں۔نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور پروگریسیو آزاد پارٹی کے سربراہان نے امید ظاہر کی کہ فیصلہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے حق میں آئے گا تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ۔

(یو این آئی)

ABOUT THE AUTHOR

...view details