اردو

urdu

ETV Bharat / state

Article 370 Abrogation سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد لیکچرار ظہور احمد بٹ کی معطلی کا آرڈر منسوخ - کشمیری لکچرار انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش

کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک لیکچرار ظہور احمد بٹ، جنہیں 23 اگست کو سپریم کورٹ میں دفعہ 370 کی منسوخی کے معاملے میں درخواست گزاروں کے حق میں دلائل پیش کرنے کے بعد نوکری سے معطل کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد کپل سبل نے اس معاملے کو چیف جسٹس آف انڈیا کے سامنے پیش کیا اور چیف جسٹس نے سالسٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ وہ لیکچرار ظہور احمد بٹ کو نوکری سے معطل کرنے کی وجوہات کا پتا کریں۔

article-370-abrogation-kashmiri-lecturer-suspension-order-cancelled-by-school-education-department
محکمہ تعلیم نے لیکچرار ظہور احمد بٹ کی معطلی کا آرڈر منسوخ کیا

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 3, 2023, 7:27 PM IST

Updated : Sep 3, 2023, 9:29 PM IST

سرینگر جموں و کشمیر ایجوکیشن محکمہ نے اتوار کے روز لیکچرار ظہور احمد بٹ کی معطلی کے آرڈر کو منسوخ کیا۔ اطلاعات کے مطابق ایجوکیشن محکمہ کی جانب سے اتوار کے روز ایک حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ پولٹیکل سائنس کے لیکچرار ظہور احمد بٹ کی معطلی کا آرڈر منسوخ کیا گیا۔ حکم نامہ میں لیکچرار کو فوری طور پر ڈیوٹی جوائن کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

بتادیں کہ دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف دائر عرضیوں کی شنوائی کے دوران لیکچرار ظہور احمد بٹ بھی ایک درخواست گزار ہے اور گزشتہ ہفتے کیس کی پیروی کی خاطر وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے تھے۔ پیشی کے ایک روز بعد ہی جموں وکشمیر انتظامیہ نے لیکچرار ظہور احمد بٹ کو ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی پاداش میں نوکری سے معطل کر دیا تھا۔

یاد رہے ظہور احمد بٹ سرینگر کے جواہر نگر ہائیر اسکینڈری اسکول میں بحیثیت سیاسیات کے لیکچرر تعینات ہیں۔ انہوں نے 23 اگست کو سپریم کورٹ میں دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف عرضی دائر کی تھی اور عدالت کے پانچ جج والے بنچ کے سامنے اس خصوصی دفعہ کی منسوخی کے خلاف جرح کیا تھا۔25 اگست کو جموں کشمیر محکمہ تعلیم نے ان کو معطل کردیا تھا اور ان کو جموں منسلک کیا تھا۔ تاہم اس معاملے میں قائم کی گئی انکوائری کمیٹی نے گزشتہ روز ظہور احمد بٹ کا موقف ریکارڈ کیا۔واضح رہے کہ اس حکمنامے کےبعد ایل جی انتظامیہ کی تنقید کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ میں جب گزشتہ روز شنوائی ہوئی تو کپل سبل اپنی نشست سے کھڑے ہوئے اور چیف جسٹس آف انڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر انتظامیہ نے درخواست گزار ظہور احمد بٹ کو نوکری سے معطل کردیا ہے۔ کپِل سبل نے کہا کہ ملک کے کسی بھی شہری کو عدالت میں اپنی بات رکھنے کا حق حاصل ہے، تاہم جس طرح سے لیکچرار ظہور احمد بٹ کو نوکری سے معطل کیا گیا وہ قواعد و ضوابط کے خلاف ہے۔

جس کے بعد چیف جسٹس نے سالسٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ وہ یہ دیکھیں کہ لیکچرار ظہور احمد بٹ کو کس بنیاد پر نوکری سے معطل کیا گیا ہے۔ سالسٹر جنرل تشار مہتا نے پانچ رکنی بینچ سے کہا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے کہ لیکچرار کو کن وجوہات کی بنیاد پر نوکری سے معطل کیا گیا۔

مزید پڑھیں:Article 370 Abrogation: کشمیری لکچرار انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش


ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی یہ معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھا تو جموں وکشمیر محکمہ ایجوکیشن کے سینئر عہدیداروں کو فوری طور پر دہلی طلب کیا گیا اور انہیں اس بارے میں وضاحت طلب کی گئی کہ کن وجوہات کی بنا پر لیکچرار کو معطل کیا گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ سپریم کوٹ میں دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف دائر کی گئی متعدد عرضیوں کی سماعت چل رہی ہے۔ عرض گزاروں نے اپنے دلائل پیش کیے ہیں جبکہ مرکزی سرکار کے سالسٹر جنرل تشار مہتا اور ان کے ہمراہ دیگر وکلاء نے اپنے دلائل پیش کیے ہیں اور چند روز میں اختتام ہوں گے۔

بتادیں کہ مرکزی سرکار نے پانچ اگست سنہ 2019 کو جموں کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی تھی اور ریاست کو دو یونین ٹریٹریز میں تقسیم کیا تھا۔

Last Updated : Sep 3, 2023, 9:29 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details