سرینگر (جموں و کشمیر) :سرینگر میں منعقد ہونے والے جی 20 سمٹ کے پیش نظر شہر سرینگر کو دلہن کی سجایا جا رہا ہے۔ جہاں سڑکوں کی تجدید و مرمت کا کام سرعت سے عمل میں لایا گیا ہے وہیں دیگر تعمیری کاموں کے علاوہ سڑک کے کناروں اور دیواریوں کو رنگ و روغن سے پرکشش اور جاذب نظر بنایا گیا ہے۔ اس بیچ پہلی بار ان بنکروں کو بھی سجایا گیا جوکہ سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے لے کر سرینگر کے ایس کے آئی سی سی تک کی سڑکوں پر پہلے ہی سے قائم ہیں اور مذکورہ بنکروں کے سامنے کشمیر کے خوبصورت مناظر کی تصویریں لگائی گئی ہیں۔
دوسری جانب اسمارٹ سٹی کے تحت جاری ان کاموں پر بھی اس خاص توجہ مرکوز کی جا رہی ہے جنہیں جی 20 سربراہ اجلاس سے قبل مکمل کرنا مقصود ہے۔ جن راستوں یا جگہوں سے مندوبین کا گزرنا ہے وہاں سجانے سنوارنے اور دیگر تعمیراتی کاموں کو تقریبا مکمل کا جا چکا ہے اور کچھ مقامات رہ گئے ہیں اور باقی ماندہ کام کام کو بھی جنگی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے، ایسے میں تعمیراتی ایجنسیاں دو شفٹوں میں کام کر رہی ہیں تاکہ مقررہ مدت تک تجدید و مرت اور رنگ و روغن کے کام کو مکمل کیا جا سکے۔
ادھر، جموں وکشمیر خاص کر شہر سرینگر میں جی 20 اجلاس کے پیش نظر حفاظتی بندوبست کو بڑھا دیا گیا ہے۔ اہم اور مصروف ترین جگہوں پر پولیس، سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی اضافی نفری کو تعینات رکھا گیا ہے۔ وہیں ایس کے آئی سی سی، ڈل جھیل اور اس کے گرد و نواحی علاقوں کو مرین اور این سی جی کمانڈوز کے زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ اہم سڑکوں اور حساس جگہوں پر سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے گاڑیوں کی تلاش لی جا رہی ہے جبکہ گاڑیوں کے کاغذات کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں کے شناختی کارڈ بھی چیک کیے جارہے ہیں۔ وہیں شہر سرینگر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی لوگوں کی نقل وحرکت پر نظر گزر رکھی جا رہی ہے۔