بھارت اور چین کے درمیان لداخ کی گلوان وادی میں بڑھتے تناؤ کے بیچ آرمی کی 15 کور کے کمانڈر بی ایس راجو نے پیر کے روز شمالی اور وسطی کشمیر کا دورہ کیا۔
آرمی کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'آج لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے مانس بل میں واقع آرمی کے سیکٹر 3 ہیڈ کوارٹر اور گاندربل میں 5 راشٹریہ رائفلز کے کیمپوں کا دورہ کیا۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'دورے کے دوران جنرل آفیسر کمانڈنگ 15 کور نے فوج کی جانب سے کی گئی تمام تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فوجی افسران سے تفصیلی بات بھی کی اور ان کو ماضی کی طرح مستقبل میں بھی کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی۔'
واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان لداخ میں گزشتہ مہینے کی پانچ تاریخ سے حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔ چین لگاتار حقیقی لائن آف کنٹرول پر تعینات ان کے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر رہا ہے۔ وہیں بھارت بھی اپنے علاقے میں فوج کے عملے کے ساتھ ساتھ فضائیہ کے لڑاکو جہازوں کو تعینات کر رہا ہے۔