سرینگر:جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بینچ نے سنگل بینچ سے جموں وکشمیر انتظامیہ کی طرف سے ممبئی نشین کمپنی ایپ ٹیک کے ذریعے نوکریوں کے امتحانات منعقد کرانے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی تازہ عرضی کی شنوائی کرنے کو کہا ہے۔سنگل بینچ نے پہلے معاہدہ منسوخ کر دیا تھا لیکن ڈویژن بینچ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عبوری ہدایات کو برقرار رکھا۔ ڈویژن بینچ نے معاملے پر نئے سرے سے غور کرنے کے لئے عرضی کو دوبارہ عدالت میں بھیج دیا ہے۔عدالت نے کہا کہ ہم اس مقدمے پر بحث کئے بغیر عرضیوں کو نمٹانے اور معاملے کا نئے سرے سے فیصلہ کرنے کے لئے رٹ پٹیشن کو عدالت میں واپس بھیجنا مناسب سمجھتے ہیں۔
ڈویژن بینچ نے جواب دہندگان کو ہدایت دی ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر اندر رٹ پٹیشن پر اعتراضات، جوابات داخل کریں۔رجسٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانچ اپریل کو سنگل جج کے سامنے عرضی کی فہرست بنائے۔سنگل جج سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ عرضی کا حتمی فیصلہ لے اور یہ کہ اس وقت تک عبوری ہدایت مورخہ نو دسمبر نافذ العمل رہے گی۔ بتادیں کہ نو دسمبر کو ڈویژن بینچ نے عبوری ہدایات جاری کیں کہ سروسز سلیکشن بورڈ جونیئر انجینئر اور سب انسپکٹر کے بھرتی عمل کو جاری رکھے، تاہم عدالت کی جانب سے مزید احکامات جاری ہونے تک نتائج کو ظاہر نہ کریں۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں پچھلے تین روز سے امیدواروں کا احتجاج لگاتار جاری ہے۔