سرینگر:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پیر کے روز پارٹی ہیڈ کوارٹر میں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تنظیم جے کے ایل ایف کے سربراہ محمد یاسین ملک کی اہلیہ کو پاکستان کی نئی نگراں حکومت میں عہدہ دینے کے ساتھ ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ یہ پڑوسی ملک کا اندرونی معاملہ ہے۔
انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ "کیا ہم پاکستان سے مشورے کے بعد وزراء کی یہاں تقرری کرتے ہیں؟ ہم ان سے اپنے وزراء کی تقرری سے پہلے ہم سے مشورہ کرنے کی توقع کیوں رکھیں؟ یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے اور ہمارا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
راہل گاندھی کے حالیہ بیان کہ چین نے لداخ میں بھارت کی زمین پر قبضہ کیا کے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کچھ کہنے سے گریز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی ہی اس کا جواب دیں گے کہ کیا چین نے بھارت کی زمین قبضے میں لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے کہ وہاں (لداخ میں) ان کے ساتھیوں نے راہل گاندھی کو اس معاملے کے بارے میں بتایا ہوگا اور میں وہاں لداخ میں نہیں ہوں۔
بتادیں کہ کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ روز کہا کہ مرکزی حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ بھارت کی ایک انچ زمین چین نے نہیں لی ہے تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ بھارتی علاقے میں چینی فوجیوں نے مداخلت کی اور چراگاہ کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ان کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے چین کے حوالے سے کئے جارہے سبھی دعوے حقیقت سے کوسوں دور ہیں۔