سرینگر:اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کا بنیادی ہدف جموں کشمیر میں ایک سازگار ماحول پیدا کرنا ہے تاکہ عوام ایک پر امن، باوقار اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔وہ آج سرینگر میں پارٹی صدر دفتر پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران پارٹی میں نئے شامل ہونے والے سیاسی کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنی پارٹی لوگوں کو مشکلات میں نہیں آنے دیں گے۔ ہم اسمبلی انتخابات میں تاخیر کے باوجود اپنا رابطہ جاری رکھیں گے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔"
اپنی پارٹی میں شامل ہونے والوں میں چیئرمین میونسپل کمیٹی، حاجن، ارشاد احمد وانی اور نیشنل کانفرنس، پیپلز کانفرنس، کانگریس اور بی جے پی جیسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں کارکنان شامل ہیں۔ ان سب کا تعلق شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن علاقے سے تعلق ہے۔ پارٹی میں شامل ہونے والے نئے لوگوں کا استقبال کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان سرکردہ سیاسی کارکنان کی شرکت کی وجہ سے اپنی پارٹی کو سونہ واری علاقے میں مزید تقویت حاصل ہوگی۔