اننت ناگ (جموں کشمیر) : سماج کو رشوت سے پاک بنانے کے لئے سرکار کی جانب سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس کوشش کو کامیاب بنانے کے لئے رشوت کے خلاف کام کرنے والے سرکاری اداروں کو مزید متحرک کیا گیا ہے، اس سلسلہ میں اینٹی کرپشن بیورو، ویجی لنس کی جانب سے ایک نئی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کے تحت ضلع سطح کے بعد اب بلاک سطحوں پر بھی بیداری پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، تاکہ عوام اور رشوت مخالف کام کرنے والے اداروں کے درمیان براہ راست رابطہ کو یقینی بنایا جائے۔
عوامی حلقوں کی جانب سے اے سی بی کے اس اقدام کی سراہنا کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سے اے سی بی کی جانب سے نئی حکمت عملی تیار کی گئی ہے تب سے سرکاری دفاتر میں رشوت کا کھلے عام تقاضہ بند ہو گیا ہے۔ اسلئے اے سی بی کو اور زیادہ متحرک ہونے کی ضروت ہے اور ریپڈ ایکشن فورس کو تعینات کیا جانا چاہئے تاکہ سماج سے رشوت خوری کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے تحت ضلع اننت ناگ کے ٹاؤن ہال میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں اینٹی کرپشن بیورو، ساؤتھ، کے ایس ایس پی راکیش کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخر الدین حامد، ایڈیشنل ایس پی، ویجلینس کے افسران سمیت ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران نے شرکت کی۔