سرینگر:محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ایک سے نویں جماعت کے امتحانات کو اگلے ماہ 20 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ کلاس ورک شروع کرنے کی خاطر محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام چیف ایجوکیش افسران اور سبھی پرنسپلز کے کو ہدایت دی ہے کہ وہ پہلی سے ساتویں اور نویں جماعت کے امتحانات کو 20 مارچ تک مکمل کریں۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیش کے مطابق اس حوالے سے چیف ایجوکیش افسران اور ڈائٹس کے پرنسپلز کے نام بھیجے گئے مواصلات میں کہا گیا ہے کہ ’’اپنے اپنے اضلاع کے اسکول سربراہان کو ہدایت دیں کہ وہ امتحانات کا عمل 20 مارچ2023 تک مکمل کریں تاکہ نیا کلاس ورک فوری طور شروع کیا جا سکے۔ ایسے میں جے اینڈ کے ایس سی ای آر ٹی کے ذریعے امتحانات کے طریقہ کار سے متعلق پہلے ہی سی ای اوز اور ڈائٹس کو مطلع کیا گیا ہے۔‘‘
اس سے قبل جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات کے لیے تاریخوں کا اعلان کیا ہے اور ڈیٹ شیٹ کے مطابق سافٹ زون کے لیے 4 مارچ جبکہ ہارڈ زون کے لیے 8 اپریل سے امتحانات شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق 12ویں جماعت کے سالانہ امتحان سافٹ زون میں 4 مارچ اور ہارڈ زون میں یہ امتحانات 8 اپریل سے منعقد ہوں گے۔ اسی طرح دسویں جماعت کے سالانہ ریگولر امتحانات 9 مارچ سے شروع ہوں گے جبکہ ہارڈ زون میں اپریل کی11 تاریخ سے شروع ہوں گے۔