سرینگر:انجمن نصرة الاسلام سرینگر نے اپنی اور نظر بند صدر انجمن میر واعظ محمد عمر فاروق کی جانب سے اہل کشمیر کے سب سے بڑے محسن سید السادات امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس پاک کے موقع پر ان کی گراں قدر دینی، دعوتی، تصنیفی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔Hazrat Amir Kabir (RA)
انجمن کی طرف سے جاری ایک بیان میں حضرت شاہ ہمدانؒ کو حقیقت، معرفت، صداقت،امانت، د یانت اور ولایت کا تاجدار بتاتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا حقیقی معنوں میں ایک عظیم محسن اور مشفق ومربی قرار دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ حضرت امیر کبیرؒ نے ختلان ایران سے کشمیر کا غیر معمولی پُر مشقت اور جدوجہد کے بعد سفر کرکے اہل کشمیر کو دین حق کی طرف عملاً دعوت دی اور اہالیان کشمیر نے حضرت امیر کبیرؒ کی آواز پر لبیک کہا۔
انجمن نے کہا کہ یہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی ایمانی قوت اور اعلیٰ روحانیت کا کرشمہ اور اعجاز تھا کہ ان کے صرف تین تبلیغی دوروں کے نتیجے میں پوری وادی کشمیر میں ہمیشہ کے لیے ایمان ،اسلام اور اخلاق کی بہاریں سایہ فگن ہوئیں اور کشمیر کی تاریخ ہی نہیں بلکہ تقدیر بھی ہمیشہ کے لیے بدل کر رہ گئی۔