انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے انجمن کے بانی شہید ملت مرحوم میر واعظ مولوی محمد فاروق کی 32 ویں برسی پر قرآن خوانی کا اہتمام کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر مرحوم میر واعظ مولوی محمد فاروق اور دیگر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی ایک پر وقار تقریب میرواعظ منزل پر منعقد کی گئی، جس میں وادی کے سرکردہ علماء، مشائخ، ائمہ اور معزز اساتذہ و طلبا نے شرکت کی۔ Moulvi Farooq's Death Anniversary
مرحوم کی مذہبی، دینی اور ملی خدمات کو یاد کرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ شہید رہنما نے رکاوٹوں اور دشواریوں کے باوجود مسلسل تین دہائیوں تک دین اسلام کے آفاقی، انسانی اور انقلابی پیغام اور دعوت کو جموں وکشمیر کے گوشے گوشے میں عام کرنے کی جو انتھک کوششیں کیں وہ نہ صرف انتہائی لائق تحسین بلکہ ناقابل فراموش بھی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میر واعظ محمد فاروق مرحوم نے اپنی پرکشش اور دلآویز شخصیت اور داعیانہ کاوشوں سے جموں و کشمیر کے طول و عرض کے ساتھ ساتھ خاص طور پر مرکزی جامع مسجد سرینگر کے منبر و محراب سے قال اللہ وقال الرسولﷺکی منصبی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام اور معاشرہ کے تئیں تحریر و تقریر کے ذریعے ایک فلاحی معاشرہ قائم کرنے کیلئے میں جو گراں قدر رول ادا کیا وہ ملت کشمیر کیلئے باعث فخر ہے۔