سرینگر (جموں و کشمیر):مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کی شام سرینگر میں ایک سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور وادی میں تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتِحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اسی کے ساتھ اس میٹنگ میں امرناتھ یاترا کے سکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ واضح رہے کہ شاہ جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ آج صبح جہاں اُنہوں نے جموں میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کیا، بعد میں شام کو سرینگر میں راج بھون میں بھی خطاب کیا اور کچھ ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔ اس کے بعد انہیں سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں ایک کلچرل پروگرام میں بھی شرکت کی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شاہ نے آج شام راج بھون میں ایک اعلیٰ سطح کی سکیورٹی میٹنگ کی صدارت کی جس میں مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا، جموں و کشمیر کے ایل جی منوج سنہا، چیف سکریٹری اے کے مہتا، جموں اور کشمیر کے ڈویژنل کمشنرز، ہوم سکریٹری جے اینڈ کے آر کے گوئل، ڈی جی این آئی اے، جموں و کشمیر کے ڈی جی پی، جی او سی 15 کور، اسپیشل ڈی جی سی آئی ڈی، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور ایس ایس بی کے اعلیٰ حکام کے علاوہ میٹنگ میں ایس ایس پی سرینگر اور ڈی سی سرینگر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق شاہ کو موجودہ سکیورٹی صورتحال اور یکم جولائی سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے لیے بنائے جانے والے سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ میٹنگ میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ "وزیر داخلہ نے یاتریوں کے فل پروف کور کو یقینی بنانے کے لیے پلان میں آخری لمحات میں کچھ تبدیلیاں کرنے کی ہدایت کی۔ امثال کی یاترا کا خصوصی فوکس قدرتی آفات جیسے بادل پھٹنے وغیرہ کی صورت میں سکیورٹی ایجنسیوں کی کوئیک رسپانس ٹیم ہوں گی۔"