شہر سرینگر میں شہری ہلاکتوں میں اضافے کے پیش نظر سری نگر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی کے مزید سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ مختلف مقامات پر پولیس اور پیرا ملٹری دستوں کی جانب سے ناکے قائم کیے جا رہے ہیں۔ وہیں راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیا گیا ہے۔
ہم آپ کو بتا دیں کہ سری نگر کے بٹہ مالو علاقے میں اتوار کی شام نامعلوم بندوق براداروں نے ایک پولیس اہلکار کو گولیاں برسا کر ابدی نیند سلا دیا، جبکہ پیر کی شام سری نگر کے بہوری کدل علاقے میں عسکریت پسندوں نے ایک مقامی شہری کو گولیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔
ہلاکتوں میں اضافے کے بعد منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف اہم اور حساس مقامات پر سیکورٹی فورسز نے ناکے قائم کیے ہیں۔
سیکورٹی فورسز کی جانب سے مسافر گاڑیوں، دو پہیہ گاڑیوں، آٹو رکشا وغیرہ کو روک کر ان کی تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ ان گاڑیوں میں سوار افراد کی بھی جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔ بعض مقامات پر راہگیروں کی جامہ تلاشی کے علاوہ ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔