سرینگر(جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں غیر معمولی اور طویل خشک موسم کے بیچ محکمہ وائلڈ لائف نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ والے علاقوں میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں متعلقہ محکمہ نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ جنگلات میں کسی بھی قسم کی سرگرمیوں سے اجتناب اور غیر قانونی طریقے سے داخلے سے پرہیز کریں، خاص طور پر ان علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں جن کے داخلے پر وائلڈ لائف محکمے نے پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ ایسے میں، پابندی کردہ جنگلاتی یا جنگلی حیات کے تحفظ والے علاقوں میں داخلے کی صورت میں وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں طویل عرصے سے جاری خشک موسم کے نتیجے میں اب تک جنگلاتی علاقوں میں آگ لگنے کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں وہیں اب بھی جنگلات میں آگ لگنے کا قوی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جن جنگلاتی علاقوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہیں ان میں برین، نشاط کنزرویشن ریزرو، داچھیگام نیشنل پارک، درہ کنزرویشن ریزرو، کھریو اور کھنموہ کنزرویشن ریزرو، وانگاتھ کنزرویشن ریزرو اور تھجواس وائلڈ لائف سنچیری کے نام قابل ذکر ہیں۔