سرینگر:سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پائے تکمیل تک پہنچانے کی خاطر جہاں ایک طرف 350 کے قریب اضافی پیرا ملٹری فورسز کی کمپنیاں پچھلے دس روز سے وارد کشمیر ہو رہی ہیں۔ وہیں امسال پہلی بار ‘آر او پی’ کے بغیر یاترا گاڑی کو آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ROP for Amarnath Yatra 2022
ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر سے لے کر گپھا تک جتنے بھی یاترا روٹ آتے ہیں وہاں پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "آر او پی "یعنی روڑ اوپنگ پارٹی کے بغیر کسی بھی یاترا گاڑی کو سرینگر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ یاترا روٹوں کے اردگرد خالی عمارتوں میں اضافی اہلکاروں کو رکھا جائے گا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ زیر تعمیر سرکاری عمارتوں میں بھی اضافی پیراملٹری فورسز کی کمپنیاں قیام کریں گی۔ دریں اثنا سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کے لیے پہلی بار ”آر او پی “پارٹی بھی ساتھ رہیں گی۔ یاترا گاڑی کو ”روڑ اوپنگ پارٹی “کے بغیر بھگوتی نگر سے سرینگر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر یاترا گاڑیوں کو آسان راہداری فراہم کرنے اور عسکریت پسندوں کے حملوں کو ناکام بنانے کی خاطر اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے۔