سرینگر (جموں و کشمیر) :امرناتھ یاترا شروع ہونے کے ساتھ ہی پوتر گھپا پر ہفتے کے روز ’’آرتی‘‘ انجام دی گئی۔ امرناتھ شرائن بورڈ حکام نے بتایا کہ شری امرناتھ گھپا پر ہفتے کی صبح ’’آرتی‘‘ انجام دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کے پہلے قافلے نے ہفتے کی صبح پوتر گھپا کی طرف سفر شروع کیا۔ بتادیں کہ ہفتے کی صبح سالانہ امرناتھ جی یاترا کا باقاعدہ آغاز ہوا اور یاتریوں نے بالتل اور پہلگام بیس کیمپس سے پوتر گھپا کی طرف سفر شروع کر دیا ہے۔ 3488 یاتریوں پر مشتمل پہلا جھتا جمعہ کے روز بالتل اور پہلگام بیس کیمپ پہنچ گیا تھا جن کا سرینگر اور دوسرے مقامات پر نہ صرف انتظامیہ بلکہ مقامی لوگوں نے بھی شاندار استقبال کیا تھا۔ 62 دنوں پر محیط یہ یاترا 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
جموں وکشمیر حکومت اور شری امر ناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فیقدالمثال انتظامات کئے ہیں۔ دریں اثناء، بھگوتی نگر بیس کیمپ، جموں سے زائد از 4 ہزار یاتریوں پر مشتمل دوسرا قافلہ ہفتے کی صبح کشمیر کی جانب روانہ ہوا۔ جبکہ ہفتہ کو ہی روایتی جوش و خروش اور ’’آرتی‘‘ کے ساتھ ہی سالانہ امرناتھ یاترا کی رسمی طور شروعات ہوئی۔