جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، دیوندر سنگھ رانا، خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس، اراکین پارلیمان محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے بی جے پی کی طرف سے نیشنل کانفرنس اور اس کی قیادت پر لگائے جا رہے بقول ان کے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو زعفرانی جماعت کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر کے تینوں خطوں کی سیاسی جماعتوں کے مشترکہ پلیٹ فارم عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کی مضبوطی نے نئی دلی اور ناگپور کی دیواریں ہلا کر رکھ دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کو جموں ، کشمیر اور لداخ میں جس طرح عوامی حمایت حاصل ہوئی ہے اس سے بی جے پی اور اس کی پوری قیادت گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ کی شکار ہوگئی ہے اور اب یہ لو گ اپنی پروپیگنڈا مشینری کا استعمال کر کے نیشنل کانفرنس اور اس کی قیادت کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔