سرینگر : معروف ماہر ماحولیات عالیہ میر جنگلی حیات کے تحفظ ایوارڈ حاصل کرنے والی جموں و کشمیر کی پہلی خاتون بن گئی ہے ۔میر کو جموں و کشمیر کے محکمہ جنگلات و ماحولیات کی طرف سے منعقدہ جنگلات کے عالمی دن کی تقریب میں ایل جی منوج سنہا کے ذریعہ سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز جنگلی حیات کے تحفظ کے تمام پہلوؤں میں اس کی کامیابیوں پر دیا گیا ہے۔یہ ایوارڈ کشمیر میں ریچھ کے بچاؤ ، جنگلی جانوروں کا بچاؤ اور رہائی، زخمی جانوروں کی دیکھ بھال، اور لوگوں اور جنگلی حیات کے درمیان تنازعات کو کم کرنا کے لیے دیا گیا ہے۔
میر کشمیر کی پہلی خاتون وائلڈ لائف ریسکیور ہیں اور وائلڈ لائف ایس او ایس میں پروگرام ہیڈ اور ایجوکیشن آفیسر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ میر نے بہت سے جنگلی جانوروں کو بچایا ہے، جن میں پرندے، چیتے، ایشیائی کالے ریچھ، ہمالیائی بھورے ریچھ شامل ہیں، لیکن وہ سانپوں کو پکڑنے کے لیے مشہور ہوئی۔ انہوں نے کئی سالوں سے گھروں، دفاتر اور دیگر اداروں میں گاڑیوں، لان، باغات، اور باتھ رومز سے سانپوں کو ریکسیو کیا اور پھر انہیں جنگل میں واپس چھوڑ دیا۔