انٹرنیشنل فیڈریشن آف ہیومن رائٹس جموں کشمیر (ای ایف ایچ آر جے کے) کے چیئرمین محمد احسن اونٹو نے امریکی صدرجو بائیڈن کو خط لکھ کر کشمیری قیدیوں کی رہائی کے لیے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر بگڑتی صورتحال اور طبی ڈھانچہ کی بدحالی کا تذکرہ کرتے ہوئے قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ای ایف ایچ آر جے کے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ' آپ کو معلوم ہو گا کہ بھارت عالمی وبا کووڈ 19 کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔ جس کے زد میں آکر اب تک لاکھوں افراد متاثرہ ہوئے ہیں، جبکہ ہزاروں کی تعداد میں اموات ہورہی ہیں۔ ایسے خوفناک حالات میں، مرکز کے زیرانتظام کشمیر اور کشمیر کی جیلوں میں مقید کشمیری سیاسی قیدی اس خطرناک وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ موجودہ طبی نظام کی بدحالی سے یہ بات بالکل واضح ہوجاتی ہے کہ جیل حکام کشمیری قیدیوں کو وبا سے متاثرہونے سے نہیں روک سکتے ہیں۔"
مزید کہا گیا ہے کہ "انسانی حقوق کی متعدد بین الاقوامی تنظیموں اور بین الاقوامی پریس کے ذریعہ یہ اطلاع ملی ہے کہ بھارت فوجی تشدد اور غیر قانونی نظربندیوں کے ذریعہ کشمیر میں سیاسی اختلاف رائے کو دباتا ہے۔ ہم تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔'