سرینگر:متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے زیر اہتمام استقبال رمضان کی مناسبت سے یک روزہ پُر شکوہ اجلاس صدر دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل سرینگر پر منعقد ہوا ۔ اجلاس کی صدارت کشمیر کے مایہ ناز مفتی دارالعلوم رحیمیہ کے شیخ الحدیث مفتی نذیر احمد قاسمی نے انجام دی۔ اجلاس میں مقدس ماہ رمضان کی آمد، اس کے تقدس و احترام اور حقوق کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے مقررین نے جموں وکشمیر کے تمام ائمہ ، علماء اور خطباء سے پُرزور اپیل کی کہ پورے ماہ رمضان میں تزکیہ نفس کے ساتھ ساتھ ہمہ گیر اصلاح معاشرہ کے مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے کشمیری سماج کو آج جن سنگین نوعیت کے مسائل کا سامنا ہے جن میں جرائم کی شرح میں بے تحاشہ اضافہ، اخلاقی بے راہ روی، منشیات اور ڈرگس کے پھیلاﺅ، گھریلو تشدد، خودکشی کے واقعات اور نوجوانوں میں دین سے دوری جیسے رحجانات شامل ہیں کے انسداد کیلئے پورے رمضان میں دینی، اصلاحی، دعوتی اور تبلیغی مجالس میں عوام الناس کو ان سے آگاہ کرکے بیداری کی زوردار مہم چلائی جائے تاکہ اولیائے کرام اور بزرگان دین کی سرزمین کشمیر کو نت نئی برائیوں ،خرافات اور جرائم کی آماجگاہ بننے سے بچایا جاسکے۔
اجلاس میں مقررین نے متفقہ طور پر مجلس کے بانی سربراہ اور کشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق صاحب کی گزشتہ تقریباً چار سے غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی پرشدید فکر و تشویش اور بے چینی و اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں سے ایک بار پھر پُر زور اپیل کی کہ مقدس ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی متحدہ مجلس علما اور عوامی مطالبہ کے پیش نظر میر واعظ پر عائد قدغنوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
Istaqbal e Ramdan استقبال رمضان، متحدہ مجلس علماء کا اجلاس سرینگر میں منعقد
ماہ رمضان کی آمد سے قبل متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر کے زیر اہتمام استقبال رمضان کی مناسبت سے یک روزہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں مقرنین نے تمام علماء اور خطباء پر زور دیا کہ وہ سماج میں بے راہ روی، ڈرگس کے پھیلاﺅ، گھریلو تشدد، خودکشی کے واقعات سے لوگوں کو آگاہ کریں اور ان کاموں سے انہیں دور رکھنے میں اپنا فریضہ انجام دیں۔
مزید پڑھیں:Spiritual Virtues of Ramadan رمضان المبارک کا استقبال اور اس کی فضیلت
اجلاس میں جن اہم علماء، مشائخ اور شخصیات نے خطاب کیا ان میں ڈاکٹر محمد سمیر شفیع صدیقی( خطیب و امام عیشمقام) ،ا نجمن شرعی شیعان جموں وکشمیر کے قائمقام صدر آغاز سید المجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی ، آثار شریف درگاہ حضرت بل کے خطیب و امام ڈاکٹر کمال فاروقی، انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانون گو، دارالعلوم سبیل الھدیٰ کے ناظم مفتی اعجاز الحسن بانڈے ، جامع مسجد قاضی گنڈ کے خطیب و امام پیرزادہ مولوی عبدالحمید، انجمن تبلیغ الاسلام کے پرنسپل جناب مولانا علی اکبر، انجمن علماء و ائمہ کے صدر حافظ عبدالرحمن اشرفی قاضی گنڈ اسلام آباد،اتحاد المسلمین جموں وکشمیر کے مولانا مسرور عباس انصاری کے نمائندے جناب سید محمد یوسف،کاروان اسلامی کے جناب غلام رسول حامی کے نمائندے جناب مولانا عبدالقیوم ، کاروان ختم نبوت انٹرنیشنل کے صدر مفتی مدثر قادری، خواجہ غریب نواز ٹرسٹ کے انجینئر محمد آفاق چشتی،مرکزی ائمہ مساجد کے صدر مولانا محمد وارث بخاری،جمعیت انوالاسلام کے صدر مولانا شیخ غلام محمد ،انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے مفتی غلام رسول سامون، ہینڈی کیپڈ راحت سینٹر کے صدر جناب عمران شفیع بیگ،جناب مولوی محمد رفیق زرگر، جناب مولانا الطاف ،اور مجلس کے سیکریٹری مولانا ایم ایس رحمن شمس وغیرہ شامل ہیں۔ جب کہ اجلاس میں کشمیر کے طول و عرض اور ہر ضلع سے ممتاز علماء،ائمہ اور خطیبوں کے علاوہ تاجر برادری کے نمائندوں، صحافیوں،سول سوسائٹی کے معزز ارکان ، وکلاء اور دانشوروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور مجلس کی کارروائی پر اپنے اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔