سرینگر:پارلیمانی انتخابات سے قبل جموں کشمیر پردیش کانگرس کمیٹی نے ناراض لیڈران اور کارکنان کو ایک ہی خیمے میں جمع کرنے کے مقصد سے دو سو لیڈران و کارکنان کو عہدے سونپ دئے۔
کانگرس صدر ملک ارجن کھڑگے نے اس ضمن میں جموں و کشمیر پی سی سی کے سابق صدر و وزراء کو ایگزیکیٹو کمیٹی میں شامل کیا ہے۔ ان لیڈران میں پی سی سی کے سابق صدر و مرکزی وزیر سیف الدین سوز بھی شامل ہے۔ سوز گزشتہ کچھ برسوں سے پارٹی سے ناراض ہے اور یہاں تک کہ پارٹی کی سرگرمیوں سے کنارہ کشی کر رکھی ہے۔کانگرس صدر نے اس کے علاوہ پانچ لیڈران کو سینیئر نائب صدر نامزد کیا ہے، جن میں سابق وزیر مُلا رام، جی این مونگا، ٹھاکر بلونت سنگھ، رویندر شرما اور محمد انور بھٹ شامل ہیں۔
اس کے علاوہ کھرگے نے 22 لیڈران و سینیئر کارکنان کو نائب صدور بنایا ہے، جبکہ 51 سینیئر کارکنان کو جنرل سیکریٹریز، 62 کو سیکریٹریز اور 21 کو ضلع صدور کے عہدے سونپ دئے گئے ہیں۔ان لیڈران و سینیئر کارکنان میں وہ افراد بھی شامل کیے گئے ہیں جو سابق پی سی سی صدر غلام احمد میر کے قریبی ساتھی و حمایت کار تھے، اور کچھ کارکنان و لیڈران موجودہ صدر وقار رسول کے قریبی مانے جاتے ہے۔
غور طلب ہے کہ وقار رسول کے صدر بننے سے قبل پی سی سی کا خیمہ دو حصوں میں تقسیم ہوا تھا۔ بیشتر لیڈران سابق صدر غلام احمد میر کے خلاف تھے اور دہلی کی قیادت کے پاس متعدد مرتبہ ان کو ہٹانے کے متعلق مطالبے کئے تھے۔ البتہ یہ خیمہ دو برس کامیاب ہوا جب کانگرس قیادت نے میر کو ہٹا کر وقار رسول کو صدر نامزد کیا تھا۔