سرینگر (جموں و کشمیر):صدر جموریہ دروپدی مرمو رواں مہینے کے دوسرے ہفتے میں مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر آئی تھی، کشمیر کے بعد اب وہ 31 اکتوبر کو مرکز کے زیر انتظام لداخ کا دو روزہ دورہ کر رہی ہے۔ صدر ہند کا لیہہ میں یو ٹی ڈے کی تقریبات میں شرکت کرنے اور سیاچن گلیشیئر کا دورہ کرنے کا منصوبہ ہے۔ لداخ کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران صدر ہند، سرحد کی حفاظت کرنے والے فوجیوں سے ملاقات کریں گی۔
اس حوالے سے لداخ انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’لداخ میں چوتھا یو ٹی ڈے منایا جا رہا ہے۔ اس میں صدر کی مرکزی تقریب میں شرکت کا منصوبہ ہے۔ لداخ کے ایل جی بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بی ڈی مشرا اور دیگر سینئر انتظامی اور پولیس افسران 31 اکتوبر کو سندھو ہال میں منعقد ہونے والے پروگرام میں صدر کے ساتھ موجود ہوں گے۔ لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل (LAHDC) لیہہ کے چیئرمین اور سی ای سی تاشی گیالسن، ایگزیکٹو کونسلر اور کونسلر پروگرام میں شرکت کریں گے۔‘‘