موصوف بدھ کے روز نیشنل کانفرنس پارٹی ہیڈکوارٹر واقع نوائے صبح کمپلیکس پر ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کے علاوہ سینئر لیڈران پیر آفاق احمد، سید توقیر احمد، سید رفیق شاہ، ارشاد رسول کار، شوکت احمد وٹالی کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
اکبر لون نے کہا کہ 5 اگست کے بقول ان کے غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلے کے بعد یہاں کا ہر ایک شعبہ متاثر ہوا اور کشمیر کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو نہ صرف 5 اگست کے 'غیر دانشمندانہ فیصلوں' کو منسوخ کرنا چاہئے بلکہ جموں وکشمیر کی معیشت کو ہوئے نقصان کی بھرپائی کرنے کے لئے بھی مالی پیکیج کا اعلان کر چاہئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر اب بھی مرکزی حکومت کی آنکھیں نہ کھلیں تو اس سے بڑی بدقسمتی کی کیا بات ہوسکتی ہے۔
ڈیلی ویجروں، کیجول لیبروں اور دیگر عارضی ملازمین کی حالت زار پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے محمد اکبر لون نے کہا کہ جموں و کشمیر کے 60 ہزار عارضی ملازمین سالہاسال سے اپنی مستقلی کے منظر ہیں۔ ان عارضی ملازمین کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔ عارضی ملازمین کی مستقلی ایک انسانی مسئلہ ہے اور اسے جنگی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی سربراہی والی حکومت نے اگرچہ ان عارضی ملازمین کی مستقلی کے لئے اقدامات کرنے کی حتمی کوشش کی لیکن مخلوط سرکار میں شامل اتحادیوں نے اس میں مختلف اڑچنیں پیدا کیں۔