سرینگر:جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر کا کہنا ہے کہ حکومت نے سردیوں کے مہینوں کے لئے درکار خدمات کے لحاظ سے صلاحیتوں کو کافی بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موم سرما کے دوران تمام خدمات بشمول صحت، ایمرجنسی ٹرانسپورٹ، پولیس خدمات وغیرہ کو عوام کے لئے دستیاب رکھا جائے گا تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ مشیر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
آر آر بھٹناگر نے کہا: ’’حکومت نے موسم سرما کے دوران برف ہٹانے اور دیگر ضروری کاموں کے ساتھ نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر کیا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’امسال حکومت نے اپنی صلاحیتوں کو سال گزشتہ سے بھی زیادہ بہتر کیا ہے۔‘‘ بھٹناگر نے کہا کہ ہم امسال سرما کے دوران ممکنہ ایمرجنسی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے زیادہ تیار ہیں گرچہ سال گزشتہ بھی ہم تمام صلاحیتوں سے لیس تھے۔