سری نگر: سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے دوران یاتریوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ایس ایس پی کولگام اور سی آر پی ایف آفیسران کے ہمراہ سری نگر جموں قومی شاہراہ اور نویوگ ٹنل کی سکیورٹی کا بچشم جائزہ لیا۔ اس موقعے پر وجے کمار نے ایس ایس پی کولگام کو ہدایت دی کہ قومی شاہراہ کے اردگر دعلاقوں میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں شدت لائی جائے۔
اے ڈی جی پی نے قومی شاہراہ پر حفاظتی اقدامات کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ یاترا گاڑیوں کو فراہم کی جارہی سکیورٹی کا بھی ذاتی طورپر معائنہ کیا۔ انہوں نے آفیسران کو ہدایت دی کہ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سری نگر قومی شاہراہ پر حساس مقامات پر مزید نفری تعینات کی جائے۔ اے ڈی جی پی نے سری نگر جموں شاہراہ پر تعینات سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ ایس او پیز پر من و عن عمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر مزید چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ یاتریوں کی حفاظت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتنہ نہ کیا جائے۔ وجے کمار نے جوانوں سے کہاکہ سکیورٹی چیلنجز سے بہتر طریقے سے نمٹنے اور قومی شاہراہ پر یاتریوں کی حفاظت اور ہموار نقل وحمل کو یقینی بنانے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ اے ڈی جی پی نے کہا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر عام لوگو کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے اس کی اور خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔