اس کے علاوہ کووڈ 19 کی روک تھام کے لئے تمام اقدامات بھی موجود ہیں۔ نیز آکسیجن سلنڈروں کا مناسب بفر سٹاک دستیاب ہے اور لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ جموں و کشمیر میں آکسیجن کی کمی کے سبب ایک بھی مریض کی موت نہیں ہوگی۔
ان باتوں کا اظہار پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت راجن پرکاش ٹھاکر نے منگل کو شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) صورہ سرینگر میں آکسیجن کنسنٹریشن سینٹر، آکسیجن سلنڈروں کا بفر سٹاک اور کووڈ مریضوں کے لئے بستروں کی فراہمی کا جائز ہ لینے کے دوران کیا ہے۔
پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ اس مقام پر آکسیجن کی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ 19 مریض کے ہر شخص کے لئے بیڈ دستیاب ہیں۔ ہم مستقبل میں طلب اور ہنگامی صورتحال کی حالت میں اس میں اضافہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ نے تمام ہسپتالوں میں آکسیجن کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام غیر طبی استعمالات سے آکسیجن کو طبی استعمال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔