سرینگر (جموں و کشمیر):کشمیر پاور ڈسکام، کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) نے جموں و کشمیر پولیس خاص کر سائبر پولیس، کشمیر سے کچھ ایکس (ٹویٹر) صارفین کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے جن کے متعلق کارپوریشن کا دعویٰ ہے کہ وہ ان (پاور کمپنیز) کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز زبان کا استعمال کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، پولیس نے سوشل میڈیا پوسٹ پر جواب تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس صورت حال سے واقف ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتوں سے جموں و کشمیر خاص کر وادی میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور گھنٹوں تک بجلی غائب رہنے کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حالانکہ محکمہ بجلی کی جانب سے رواں برس اسمارٹ میٹر نصب کیے گئے تھے اور میٹر کی تنصیب کے وقت انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بجلی بلا خلل سپلائی کی جائے گی، تاہم یقین دہانیوں کے برعکس کشمیر میں ان دنوں سخت ترین بجلی کا بحران ہے۔