سرینگر:جموں وکشمیر میں غیر متعدی امراض کی صحیح تعداد کا پتہ لگانے کے لیے ’’آیوشمان بھارت‘‘ کی جانب سے شروع کی گئی اسکریننگ مہم کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر میں 20 فیصد آبادی ہائی بلڈ پریشر کے عارضہ میں مبتلا ہے۔ ایسے میں مجموعی طور پر صوبہ جموں سمیت وادی کشمیر میں 9 لاکھ افراد ہائی بلڈ پریشر سے متاثر پائے گئے ہیں۔
تازہ سروے میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ کشمیر صوبے کے 10 اضلاع میں بلڈ پریشر کی تشخیص کے لیے 22 لاکھ 5 ہزار 980 افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے۔ جن میں 24 فیصد یعنی 5 لاکھ 27 ہزار 965 افراد میں ہائی بلڈ پریشر کی تصدیق ہوئی ہے۔ وہیں جموں صوبے کے 23 لاکھ 3 ہزار 758 کی آبادی میں سے 3 لاکھ 73 ہزار 983 افراد میں بلڈ پریشر کی تصدیق ہوئی ہے۔
ادھر، وادی کشمیر میں ضلع سطح پر ظاہر کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں 3 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد میں سے74 ہزار سے زیادہ افراد ہائی بلڈ پریشر سے متاثر پائے گئے۔ ضلع کولگام کی ایک لاکھ 56 ہزار سے زیادہ افراد میں ہائی بلڈ پریشر کا تشخیص کیا گیا جن میں سے31 ہزار سے بھی زیادہ افراد اس بیماری میں مبتلا تھے۔ اسی طرح پہاڑی ضلع شوپیاں کی 98 ہزار 405 افراد میں سے تقریباً 20 ہزار افراد ہائی بی پی کی بیماری کے شکار پائے گئے۔ جبکہ پلوامہ میں 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد میں یہ تشخیص کی گئی جن میں سے 42 ہزار 184 میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی ہے۔