سری نگر:وادی کشمیر کے تعلیم یافتہ نوجوان سرکاری نوکری کے پیچھے بھاگنے کے بجائے اب خود روزگار کمانے کی طرف نہ صرف راغب ہورہے ہیں بلکہ ایک کامیاب کاروباری کے طور پر سامنے آرہے ہیں، جس کی تازہ مثال عابد رشید اور شیخ سمیع اللہ کی دی جاسکتی ہے جنہوں نے "فاسٹ بیٹل " کے نام سے ایک کوریئر فرم شروع کرکے کم عرصے میں اپنے کاروبار کو اونچائی تک لے جانے میں کامیابی حاصل کی بلکہ "فاسٹ بیٹل " وادی کشمیر کی ایک ایسی واحد کوریئر کمپنی بن گئی ہے جس نے کاروبار سے متعلق مشہور ریلٹی شو "شارک ٹینک انڈیا" کے سیزن (2) میں اپنی جگہ بنانے میں بھی کامیابی حاصل کی۔
"شارک ٹینک انڈیا " ایک ایسا ریالٹی ٹی وی پروگرام ہے جو کہ انٹرپرانیوز کو کاروبار سے متعلق اپنے تصورات، طریقہ کار کو پیش کرنے اور ممکنہ طور پر شارک کے نام سے مشہور فائنانسرز کے گروپ سے مالی اعانت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ دراصل"فاسٹ بیٹل "کوریئر کپمنی کی داغ بیل 2019 میں سمیع اللہ اور عابد رشید نے ڈالی تھی جو کہ بچپن کے دوست ہیں۔ انہوں نے سرینگر کے پرانے شہر سے دو ملازمین سے اس کوریئر کمپنی کی شروعات کی لیکن آج کی تاریخ میں 120 سے زائد ملازمین فاسٹ بیٹل کمپنی سے اپنا روزگار کما رہے ہیں۔ شروع میں اگرچہ اس ڈیلوری کمپنی کے ساتھ کشمیر کی صرف دو سے تین خاتون کاروباری جڑی ہوئی تھیں تاہم اس وقت 12 سو سے زیادہ کاروباری اسی کوریئر کمپنی کے ذریعے اپنے پروڈکٹس کو لوگوں تک پہنچارہے ہیں۔