سرینگر:کشمیر کے صوبائی کمشنر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ امسال جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے قریب چھ ہزار عازمین فریضہ حج انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے پہلی پرواز پانچ جون سے روانہ ہوگی اور یہ سلسلہ پندرہ دنوں تک جاری رہے گا۔Hajj 2022 Pilgrims j&k کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں حج ہاؤس میں انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ’اس سال جموں و کشمیر سے چھ ہزار کے قریب عازمین حج کا فریضہ ادا کریں گے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے پانچ ہزار چار سو کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ باقی صوبہ جموں اور لداخ کے ہیں۔ پی کے پولے نے کہا کہ ہر دن دو یا تین پروازیں عازمین کے قافلوں کو لے کر روانہ ہوں گی اور یہ سلسلہ پندرہ دنوں تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ حج ہاؤس میں تمام تر انتظامات کو عملی شکل دی گئی ہے تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ عازمین کو پرواز کے مقررہ وقت سے چار ساڑھے چار گھنٹے قبل ہی پہنچنا ہے اور انہیں آر ٹی پی سی ٹیسٹ بھی کرانا ہے جس کے لیے جے وی سی ہسپتال میں سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔